بھارت کو پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز 1-3سے اپنے نام کریں گے، جو روٹ

منگل 29 جولائی 2025 15:59

بھارت کو پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز 1-3سے اپنے نام ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز جوروٹ نے کہا ہے کہ مہمان ٹیم کو پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر 5 میچوں کی سیریز کا اختتام 1-3کی فتح سے کریں گے۔34 سالہ مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ وہ بھارتی ٹیم کے خلاف اب تک کھیلے گئے سیریز کے چار میچوں میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور پانچویں میچ میں بھی اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اپنے ایک بیان میں جو روٹ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور مہمان ٹیم کے خلاف سیریز کے آخری ٹیسٹ کیلئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی ٹیم کے خلاف سیریز جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کو بھارت کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے پانچویں ٹیسٹ میچ کے لئے حکمت عملی تیار کر لی ہے جس کے مطابق تیاری کی جا رہی ہے۔

جو روٹ نے کہا کہ بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 150رنز کی اننگز کھیل کر بہت خوش ہوا،لیکن میچ ڈرا ہوگیا تاہم میں پرامید ہوں کہ ان کی ٹیم پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نہ صرف فتح حاصل کرے گی بلکہ سیریز کا اختتام بھی 1-3سے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ بھارت کے خلاف پانچویں میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیریز جیتنا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سخت محنت کریں گے۔ پانچویں ٹیسٹ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت کو سیریز برابر کرنے کے لئے یہ میچ جیتنا لازمی ہوگا جبکہ انگلینڈ کو سیریز اپنے نام کر نے کے لئے یہ میچ کم از کم ڈرا کھیلنا ہوگا۔واضح رہے کہ انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 31 جولائی سے کیننگٹن اوول، لندن میں شروع ہوگا۔