انضمام، سرفراز نے ٹیپ بال کرکٹ کی مقبولیت کو خوش آئند قرار دیدیا

ٹیپ بال کے نامور کھلاڑیوں کی عوامی مقبولیت بھی قابل فخر ہے‘انضمام الحق

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 29 جولائی 2025 12:21

انضمام، سرفراز نے ٹیپ بال کرکٹ کی مقبولیت کو خوش آئند قرار دیدیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جولائی 2025ء ) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق اور سرفراز احمد نے ٹیپ بال کرکٹ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کو خوش آئند قرار دے دیا۔
کراچی میں ٹیپ بال ٹورنامنٹ کے فائنل کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 55 سالہ سابق ہیڈ کوچ اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ان کے دور میں ہارڈ بال کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی 50 لاکھ روپے انعامی رقم نہیں ہوتی تھی۔

(جاری ہے)

 
انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ شائقین بھی بہت بڑی تعداد میں ٹیپ بال کے مقابلے دیکھنے کے لیے اسٹیڈیمز کا رخ کرتے ہیں، ٹیپ بال کے نامور کھلاڑیوں کی عوامی مقبولیت بھی قابل فخر ہے۔
اس موقع پر 38 سالہ سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ابتدائی دور میں سڑکوں پر بہت ٹیپ بال کرکٹ کھیلی اور آج اس مقام پر پہنچے۔
سرفراز احمد نے مداحوں کے جوش و خروش کی تعریف کرتے ہوئے ملک بھر میں کثیر انعامی رقم کے ٹیپ بال مقابلوں کے انعقاد پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔