مظفرآباد، شہر اقتدار کے نواحی علاقہ میرا تنولیاں پر آوارہ کتوں کی یلغار۔ ایک ہفتے میں 20 بکریاں ہڑپ 15 زخمی

منگل 29 جولائی 2025 17:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء) شہر اقتدار کے نواحی علاقہ میرا تنولیاں پر آوارہ کتوں کی یلغار۔ ایک ہفتے میں 20 بکریاں ہڑپ 15 زخمی جبکہ چار معصوم بچوں پر بھی حملہ آور ہو چکے ہیں۔ دریکاں سٹاپ نزد رہائش سابق ڈی آئی جی طاہر قیوم کہ عقب میں کتوں نے اپنا مسکن بنا رکھا ہے۔ متعلقہ اداروں کو تحریری و زبانی شکایات کے باوجود کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

محکمہ زراعت کی جانب سے مہیاء کی گئی دوائی کھا کر کتے مزید تگڑے ہونے لگے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز محمد نعیم ولد یعقوب اور طارق کیانی ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرا تنولیاں کہ رہائشی ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے سے کتوں کے غولوں نے علاقے بھر کے لوگوں کے پالتو قیمتی جانوروں کو چیر پھاڑ کر ہڑپ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

15 بکریاں شدید زخمی کر چکے ہیں جبکہ 20 بکریاں مار چکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ چار معصوم بچوں پر بھی یہ کتوں کا غول حملہ آور ہو چکا ہے، جس کی باقاعدہ تحریری درخواست بلدیہ عظمی میں دے رکھی ہے مگر ابھی تک بلدیہ عظمی کی جانب سے کسی بھی قسم کی کاروائی نہیں کی گئی۔

دوسری جانب جب میڈیا نے بلدیہ سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ان کتوں کو تلف کرنے کا نہ تو کوئی طریقہ ہے نہ ہی کوئی دوائی، محکمہ زراعت کی جانب سے دوائی مہیاء کی گئی تھی مگر وہ اثر ہی نہیں کرتی۔ لوگوں نے ارباب اختیار سمیت متعلقہ محکموں کے سربراہان سے گزارش کی ہے کہ وہ ان آوارہ کتوں کے غولوں کو تلف کرنے کے لیے کردار ادا کریں، تاکہ لوگوں کے قیمتی جانور محفوظ ہو سکیں اور انسانی زندگیوں کو پہنچنے والے خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :