4اگست یوم شہدائے پولیس عقیدت واحترام سے منایاجائے گا، محمدسلیم خاں قادری

منگل 29 جولائی 2025 19:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں، میلاد مصطفی ﷺ کا اہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات اور بزرگ علماء و مشائخ پر مشتمل متحرک اور فعال پلیٹ فارم مرکزی میلاد الائنس پاکستان کا ایک اہم مشاورتی اجلاس الائنس کے مرکزی کنوینر اور جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما ملک محمد شکیل قاسمی کی رہائش گاہ واقع سرجانی ٹاؤن کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت امن کمیٹی گلبہار کے چیئرمین ناصر حسین خان نے کی۔ اس مشاورتی اجلاس میں اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یومِ شہدائے پولیس 4 اگست 2025 کو اہلسنّت عوام کے دینی و ملی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا اور اس دن پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں قرآن خوانی، ایصال ثواب، فاتحہ خوانی اور درود و سلام کی محافل منعقد کی جائیں گی جن میں عوام بھرپور شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی میلاد الائنس پاکستان کے چیف آرگنائزر اور گلبہار میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے بانی قدیمی ادارے مرکزی انجمن سیرت النبی گلبہار(قائم شدہ 1952، رجسٹرڈ) کے تاحیات چیئرمین محمد سلیم خان قادری ترابی نے کہا کہ پولیس انتظامیہ کی ملک کے لیے دی گئی جانثارانہ قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پولیس کے ہزاروں جوانوں اور افسران نے امن و امان کے قیام، عوام کی جان و مال کے تحفظ اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔

چند افراد کی انفرادی شکایات کو بنیاد بنا کر اس عظیم ادارے کی اجتماعی خدمات اور قربانیوں کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔محمد سلیم قادری نے کہا کہ پولیس ایک دفاعی دیوار ہے جو معاشرے کو جرائم، انتشار اور تخریب کاری سے محفوظ رکھتی ہے اور ہم سب پر فرض ہے کہ ان شہداء کو قومی ہیروز تسلیم کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو زندہ رکھیں۔ اجلاس میں شریک دیگر شرکاء نے بھی اس موقف کی مکمل تائید کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مرکزی میلاد الائنس پاکستان ہر محب وطن ادارے کے ساتھ مکمل تعاون پر یقین رکھتا ہے اور پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

اجلاس میں شریک علماء، مشائخ اور سماجی شخصیات نے اہلسنّت عوام سے اپیل کی کہ 4 اگست کے دن شہدائے پولیس کے ایصال ثواب کے لیے اجتماعی قرآن خوانی، فاتحہ خوانی، نعتیہ محافل اور درود و سلام کی محافل کا اہتمام کریں تاکہ نئی نسل کو یہ سبق دیا جا سکے کہ جو قومیں اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں، وہی عزت و وقار کے ساتھ زندہ رہتی ہیں۔ اس اجلاس میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں انجمن نوجوانان اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری عبدالوحید یونس، بزم غلامان مصطفی پاکستان ٹرسٹ کے صدر صاحبزادہ صادق قریشی، محمد عباس لنگاہ، محمد اکبر وٹو، ڈاکٹر طلحہ قادری، فرخ تنویر، اویس قادری، ڈاکٹر عدنان سلیم، سید راشد علی قادری سمیت دیگر ممتاز مذہبی، سماجی اور فلاحی رہنما شامل تھے۔

تمام شرکاء نے متفقہ طور پر اس بات کا اعلان کیا کہ نہ صرف گلبہار، بلکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی اس دن کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو نئی نسل کے سامنے اجاگر کیا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر اجتماعی دعا بھی کی گئی اور اس بات کا عزم کیا گیا کہ ملک کے امن، اتحاد، اور استحکام کے لیے علماء، عوام، ادارے اور قیادت سب ایک پیج پر رہیں گے تاکہ ایک مضبوط اور پرامن پاکستان کی بنیاد کو مزید تقویت ملے۔