پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں تقریب، ڈپٹی کمشنر نے سرکاری گاڑی میں پروٹوکول کے ساتھ گھروں تک پہنچایا

منگل 29 جولائی 2025 19:21

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) بہاول پور میں میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی ۔تعلیمی بورڈ بہاول پور کے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔تقریب میں سی ای او ایجوکیشن بہاول پور، والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے نمائندگان بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہونہار طلبہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی محنت، لگن اور انتھک کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ طلبہ مستقبل میں بھی اسی جذبے سے تعلیم کا سفر جاری رکھیں گے اور وطن عزیز کا نام روشن کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو اعزازی پروٹوکول کے ساتھ سرکاری گاڑی میں ان کے گھروں تک روانہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور کی جانب سے اعزازی پروٹوکول پر طلبہ اور والدین نے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے اسے تاریخی لمحہ اورایک اعزاز قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :