خواتین کارکنان پاکستان پیپلز پارٹی کا ہراول دستہ ہیں، شگفتہ جمانی

منگل 29 جولائی 2025 20:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن شعبہ خواتین ڈسٹرکٹ سائوتھ کے تحت ضلع میں تنظیم سازی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا۔ صدارت شعبہ خواتین کی صوبائی صدر ورکن قومی اسمبلی محترمہ شگفتہ جمانی اور کراچی ڈویژن کی صدر ورکن قومی اسمبلی محترمہ شاہدہ رحمانی نے کی۔ سیکریٹری اطلاعات شعبہ خواتین کراچی ڈویژن محترمہ مسرت نیازی ،محترمہ نسرین چانڈیو، محترمہ بلقیس فاطمہ ، محترمہ اسماء حسن ودیگر نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔

اس موقع پر پارٹی کے تنظیمی امو ر ، خواتین کارکنان کے انٹرویوز اور تنظیمی دائرہ کارمیں وسعت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شگفتہ جمانی نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین پارٹی کا ہراول دستہ ہیں،جن کے عزم مصمم ، قربانیوں اورمحنت نے ہمیشہ PPPکو مضبوط ستون فراہم کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ لیڈیز ونگ جانفشانی اور جذبے سے اپنے فرائض منصبی کے نتیجے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کووزارت عظمیٰ کے منصب تک پہنچائے گا۔

شاہدہ رحمانی نے کہاکہ خواتین کارکنا ن مردوں کے مقابل زیادہ اہمیت کی حامل اس لئے ہیں کہ ان کی پہنچ عوام الناس کی دہلیز تک ہے اور قیادت ان کی شبانہ روزکاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ مسرت نیازی نے حالیہ سینیٹ الیکشن میں شاندار کامیابی پر مرکزی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ جیالے اورجیالیاں دونوں پیپلز پارٹی کافخر ہیں۔ بطورخاص خواتین ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ۔ہماری سابقہ اور موجودہ کامیابیوں میں ان کا اہم ترین کردار ہے۔ اجلاس کااختتام پارٹی کے منشورسے تجدید عہد اور مستقبل کے تنظیمی لائحہ عمل کے ساتھ کیاگیا۔