پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے پارکس کو نو سموکنگ زون قرار دے دیا

بچوں اور نوجوان نسل کو سگریٹ نوشی کی بری عادت سے بچایا جائے گا، پارکس میں سگریٹ، ای سگریٹ، ویپس اور تمباکو سے بنی مصنوعات کے استعمال اور فروخت پر مکمل پابندی ہوگی، نوٹیفکیشن جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 29 جولائی 2025 19:55

پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے پارکس کو نو سموکنگ زون قرار دے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 29 جولائی 2025ء) سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے باغ جناح کا دورہ کیا جہاں ڈی جی پی ایچ اے راجہ منصور نے ان کا استقبال کیا اور پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کروایا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے باغ جناح کو ایک تاریخی ورثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی اصل شناخت کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ  تمام باغات میں قوانین کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پارکس میں آنے والے خاندانوں اور ورزش کے شوقین افراد کو ایک سازگار اور صحت بخش ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر کے باغات کو مزید دلکش اور پائیدار (سسٹین ایبل) بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر کے پارکس کو نو سموکنگ زون قرار دے دیا گیا ہے تاکہ بچوں اور نوجوان نسل کو سگریٹ نوشی کی بری عادت سے بچایا جا سکے۔

اس ضمن میں ایک اہم نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پروہبیشن آف سموکنگ اینڈ پروٹیکشن آف نان سموکرز ہیلتھ آرڈیننس 2002 کے سیکشن 5 اور 7 کا اطلاق کیا جائے گا جس کے تحت عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی اور اس کی فروخت ممنوع قرار دی گئی ہے پارکس میں سگریٹ، ای-سگریٹ، ویپس اور تمباکو سے بنی مصنوعات کے استعمال اور فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔

یہاں تک کہ ٹک شاپس، کیفے اور وینڈنگ پوائنٹس پر بھی سگریٹ کی فروخت ممنوع قرار دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبے بھر کے پارکس کو نو سموکنگ زون قرار دینا ایک دور اندیش اور عوامی فلاح پر مبنی فیصلہ ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق، پارکس میں مختلف مقامات پر ''نو سموکنگ'' بورڈز اور ہدایات نصب کی جائیں گی اور وہاں موجود عملہ مسلسل نگرانی کرے گا۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے تمام پی ایچ اے اتھارٹیز کو دس دن کے اندر قوانین کا نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول مہیا کیا جا سکے۔
یہ اقدام نہ صرف شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے اہم  ہے بلکہ بچوں اور نوجوان نسل کو سگریٹ نوشی جیسی مضر عادت سے بچانے کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔ پارکس عمومی طور پر خاندانوں اور ورزش کرنے والے افراد کا مسکن ہوتے ہیں، جہاں سگریٹ نوشی کا ماحول نہ صرف دوسروں کی صحت کو متاثر کرتا ہے بلکہ تمباکو کے استعمال کو معاشرتی طور پر قابل قبول بھی بناتا ہے۔