Live Updates

سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بلاول بھٹو کا وژن اُمید کی کرن ہے، شرجیل میمن

ہفتہ 13 ستمبر 2025 15:07

سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بلاول بھٹو کا وژن اُمید ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت متاثرہ خاندانوں کے لیے امید کی کرن ہے۔اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو عوام کے دکھ درد کو اپنا سمجھتے ہیں اور پیپلز پارٹی ان کی قیادت میں متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا مؤقف عوام دوستی اور دوراندیشی کی عکاسی کرتا ہے اور یہی ان کی قیادت کی روشن مثال ہے۔ بلاول بھٹو نے ہمیشہ مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دیا اور آج بھی ان کی اولین ترجیح غریب، کسان اور سیلاب متاثرہ خاندان ہیں۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو کے مطالبے پر وفاقی حکومت کی جانب سے ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کا اعلان خوش آئند ہے، تاہم اب تک بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ریلیف پیکیج کا اعلان نہ ہونا افسوسناک ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو اس پیکیج کے حوالے سے ذاتی یقین دہانی کرائی تھی مگر گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور خصوصاً جنوبی پنجاب کے عوام اب بھی اس کے منتظر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے درست نشاندہی کی کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے عالمی امداد کی اپیل میں تاخیر ناقابل فہم ہے۔

پیپلز پارٹی ہر فورم پر عوام کی آواز بنے گی اور ایوانوں میں قراردادیں لا کر متاثرین کی بحالی کو قومی ایجنڈا بنایا جائے گا۔شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب اور سندھ کے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے اور بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر زراعت سے ملاقاتیں کیں تاکہ کسانوں کی بحالی کے لیے عملی منصوبہ بندی کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور کسان کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے جس کے لیے سندھ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے اور وفاقی حکومت کے تعاون کی توقع رکھتی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات