Live Updates

’بھوکے پیاسے مر رہے ہیں یہاں پر احساس ختم ہوچکا‘ سیلاب سے متاثرہ شخص جذباتی گفتگو کے دوران آبدیدہ

اللہ کے واسطے میری بات کو چلانا ضرور ہے، اعلیٰ حکام تک یہ بات پہنچنی چاہیئے؛ شہری کی صحافی سے گزارش

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 ستمبر 2025 13:26

’بھوکے پیاسے مر رہے ہیں یہاں پر احساس ختم ہوچکا‘ سیلاب سے متاثرہ شخص ..
ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2025ء ) صوبہ پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ شخص جذباتی گفتگو کے دوران آبدیدہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو میں سیلاب سے متاثرہ ایک شخص کو صحافی فہد شہباز خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے، شہری نے کہا کہ ہم اس سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں، بچے وہاں بھوک سے مر رہے ہیں، ہمارے بچوں کو بچایا جائے، لوگ پانی میں پھنسے ہوئے ہیں، رات کو بچے عورتیں رو رہی تھیں، یہاں سے کشتی لیں اور وہاں جاکر دیکھیں، میں آپ کے ساتھ چلتا ہوں اور دکھاتا ہوں آپ کو کیسے لوگ بھوکے پیاسے مر رہے ہیں لیکن یہاں پر احساس ختم ہوچکا ہے، کوئی احساس کرنے والا نہیں ہے، پیسے بھر بھر کے لوگ مر رہے ہیں، اللہ کے واسطے اس کو آپ نے چلانا ضرور ہے، اعلیٰ حکام تک یہ بات پہنچنی چاہیئے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جہاں اب دریائے چناب نے جلالپور پیر والا میں تباہی مچانے کے بعد تحصیل شجاع آباد کا رخ کر لیا، شجاع آباد شہر کو بچانے والے بند میں 250 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، جس سے درجنوں بستیاں سیلابی پانی میں ڈوب گئیں، موضع دھوندھو کابند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں زیر آب آئی ہیں اور 138 بستیاں بہہ گئیں،علی پور اور سیت پور کے مضافاتی علاقوں میں بڑا نقصان ہوا ہے، ہزاروں ایکڑ پر فصلیں پانی کی نذر ہو چکی ہیں، لیاقت پور میں سیلابی پانی سے 21 موضع جات متاثر ہوئے، اوچ شریف میں سیلاب سے 20 سے زائد دیہات کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، اوچ شریف میں ہسپتال، تعلیمی ادارے اور بنیادی ڈھانچہ جات بھی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ بہاولنگر کے موضع چاویکا ،جھلن آرائیں اور چک فتویرا میں سیلابی پانی سے راستے تاحال منقطع ہیں، میلسی، خیرپور ٹامیوالی اور کہروڑ پکا میں بھی یہی صورتحال ہے، میلسی کے سیلاب زدہ علاقوں میں 6 سے 8 فٹ پانی موجود ہے جہاں مختلف فلاحی تنظیمیں سیلاب زدگان کی مدد کر رہی ہیں، تاہم لیاقت پور کے اکثر متاثرین منچن بند پر بغیر کیمپ کے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں وہاں سیلاب سے35 موضع جات اور بڑے پیمانے پر آبادی متاثر ہوئی، بہاولپور، دنیا پور، شہر سلطان کے سیلاب متاثرین بھی بے یار و مددگار ہیں، بہاول پور کے دیہی علاقے پانی کے گھیرے میں ہیں جہاں 4 تحصیلوں کے 100 سے زائد دیہات پانی میں ڈوب گئے،لودھراں میں 2 حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات