خیبرپختونخواہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز؛ بھارتی سپانسرڈ 35 فتنۃ الخوارج ہلاک، 12 جوان شہید

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، یہ دہشت گرد ان علاقوں میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے کو کلیئر کرنے کیلیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے؛ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 ستمبر 2025 14:33

خیبرپختونخواہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز؛ بھارتی سپانسرڈ 35 فتنۃ الخوارج ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2025ء ) صوبہ خیبر پختونخواہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھارتی سپانسرڈ 35 فتنۃ الخوارج دہشت گرد مارے گئے، اس دوران 12 جوان شہید ہوئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 سے 13 ستمبر کے دوران خیبرپختونخواہ میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران بھارت کے پراکسی نیٹ ورک فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 35 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دوسری کارروائی ضلع جنوبی وزیرستان میں کی گئی وہاں مزید 13 دہشت گرد ہلاک ہوئے تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پاک سرزمین کے 12 بہادر سپوت مادرِ وطن پر قربان ہوگئے جب کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، یہ دہشت گرد ان علاقوں میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، فورسز کی جانب سے علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

انٹیلی جنس رپورٹس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان دہشت گرد کارروائیوں میں افغان شہری براہِ راست ملوث تھے اور افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا بدستور تشویشناک معاملہ ہے، پاکستان عبوری افغان حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، پاک فوج نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔