اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ؛ بھارتی فوجی سہولیات اور مراعات کیلئے سڑکوں پر نکل آئے

ریاست بہار میں انڈین آرمی اہلکاروں کا مودی سرکار کیخلاف احتجاج، مطالبات پورے نہ ہونے پر ہڑتال کی دھمکی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 ستمبر 2025 14:43

اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ؛ بھارتی فوجی سہولیات اور مراعات کیلئے سڑکوں ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2025ء ) بھارتی فوجی سہولیات اور مراعات کے لیے اپنی ہی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضروریات پوری نہ ہونے اور مراعات نہ ملنے پر احتجاج کیا ہے جہاں بھارت کی ریاست بہار میں انڈین آرمی کے اہلکار مودی سرکار کیخلاف سڑکوں پر نکلے، حکومت کی طرف سے ضروریات پوری نہ ہونے پر بھارتی فوجی اہلکاروں کو باقاعدہ وردی پہن کر احتجاج کیلئے سڑکوں پر دکھائی دیئے۔

بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے بھارتی شہر پٹنہ میں احتجاج کرنے والے انڈین ملٹری اہلکاروں نے کہا کہ ہم مودی سرکار اور ریاست بہار کے حکمرانوں سے بارہا اپنی ضروریات اور مراعات کے لیے درخواستیں دے چکے لیکن جب سرکار کی جانب سے کوئی شنوائی نہ ہوئی تو ہم سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوئے ہیں، اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج کا سلسلہ پورے ملک میں پھیلا دیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ سراپا احتجاج بھارتی فوجیوں نے مراعات اور ضروریات کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر ہڑتال کی دھمکی بھی دے دی جب کہ کسی فوج کی جانب سے اپنی ہی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے کا یہ اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ ہے جہاں پاکستان کیخلاف سازشوں اور پروپیگنڈے میں مصروف مودی سرکار اپنی ہی فوج کی بنیادی ضروریات پوری نہ کرسکی جس کا نتیجہ یہ ہے کہ بھارت کی فوج اپنی ہی حکومت سے بغاوت پر اُتر آئی۔

نیشنل سکیورٹی ایکسپرٹ سید محمد علی کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج میں بڑے مسائل پیدا ہو چکے ہیں اور ان کی فوج میں بتدریج یہ احساس بڑھ رہا ہے کہ ان کی سیاسی و قومی لیڈر شپ فوج کو دفاع اور قومی سلامتی کے بجائے سیاسی و قلیل المدتی مفادات کے لیے استعمال کر رہی ہے، فوجی جوانوں اور افسران کی جان و مال کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے، اس کے علاوہ پاکستان کیخلاف جارحیت کی کوشش کی گئی یا کشمیریوں پر جو ظلم و ستم کیا جاتا ہے، اقلیتوں کے خلاف جو ناروا سلوک ہوتا ہے اس سے بھی افواج میں موجود ان کمیونیٹیز کے نمائندوں کا مورال بری طرح متاثر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ان آپریشنز میں جو بھارتی اہلکار اور افسران ہلاک ہوتے ہیں ان کی خدمات اور قربانیوں کو نہ تو فوجی لیڈر شپ تسلیم کرتی ہے اور نہ ہی سیاسی لیڈر اس کا اعتراف کرتی ہے، ان چیزوں کی وجہ سے بھارتی افواج میں مورال کے بڑے مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور بھارتی فوجیوں میں یہ یقین بڑھ رہا ہے کہ بجائے اس کے بھارتی فوج کو ایک ذمہ دار ریاستی ادارے کے استعمال کیا جائے انہیں سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

سید محمد علی کہتے ہیں کہ دنیا کی کوئی بھی فوج ہو اسے ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے اپنے ملک کی عوام اور حکومت کی سپورٹ حاصل ہونی چاہیے لیکن بھارت میں چوں کہ فوج سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہوتی ہے، الیکشن سے پہلے کو فوج کو فالس فلیگ آپریشنز میں استعمال کیا جاتا ہے، بھارتی فوج کے جوانوں کو صرف اس لیے مار دیا جاتا ہے کہ اس کا الزام کشمیریوں یا پاکستان پر لگایا جا سکے، اس سب وجوہات کی بناء پر بھارتی فوج میں شدید بے چینی اور اضطراب کی کیفیت پروان چڑھ رہی ہے۔