ثناء یوسف قتل کیس میں پیشرفت، ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جج محمد افضل مجوکا کی جانب سے کیس کی سماعت کی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 ستمبر 2025 12:56

ثناء یوسف قتل کیس میں پیشرفت، ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر
اسلام اباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2025ء ) ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس کے حوالے سے بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس کی سماعت ہوئی جہاں آج یہ پیشرفت سامنے آئی ہے کہ عدالت کی جانب سے ملزم عمر حیات پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کردی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے سماعت کی، عدالت نے ملزم حیات کو چالان کی نقول فراہم کردیں اور فریقین کو آگاہ کیا کہ عدالت 20 ستمبر کو ملزم عمر حیات پر فرد جرم عائد کرے گی، ملزم حیات کے خلاف تھانہ سنبل میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔

قبل ازیں یہ کہا جارہا تھا کہ ملزم کے خلاف درج ایف آئی آر میں قانونی کمزوریاں سامنے آئی ہیں، تمام تر شہادتیں اکٹھی کرلی جائیں تو بھی ملزم عمر حیات کوسزا دلوانا مشکل ہوگا، سب سے پہلی کمزوری نشان زد کی گئی کہ ایف آئی آر میں عینی شہادت موجود نہیں، ایف آئی آر ٹمپرڈ لگتی ہے، مقدمہ کی مدعیہ مقتولہ کی والدہ کا ایک مؤقف میڈیا کی زینت بنا کہ وہ گھر سے باہر تھیں لیکن ایف آئی آر میں انہیں گھر پر ظاہرکیا گیا، علاوہ ازیں ایف آئی آر میں صرف پستول کا لفظ بھی ادھورا ہے، مقدمے میں وجہ عناد کا ذکر نہیں اور ملزم نامعلوم تھا ، ساری شہادتیں تکنیکی بنیادوں پر لی گئیں اور چالان بھی تکنیکی بنیادوں پر تیار ہوگا، بعد ازاں معروف ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں فیڈرل پراسیکیوٹر نے 2 رکنی ٹیم مقرر کی تھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ چترال سے تعلق رکھنے والی معروف انفلوئینسر ثناء یوسف کو اسلام آباد میں قتل کردیا گیا، ثنا یوسف کو اسلام آباد کے علاقے جی تیرہ میں ان کے عزیزوں کے ہاں نامعلوم ملزم نے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کرکے قتل کیا، ثناء یوسف کا تعلق اپر چترال کے علاقے چوئنج سے تھا اور وہ مشہور سماجی کارکن اور تحریک تحفظ حقوق چترال کے سرگرم رُکن یوسف حسن کی صاحبزادی تھیں جنہوں نے بتایا کہ قتل سے کچھ دیر پہلے ثناء نے والدہ کو یہ کہہ کر مارکیٹ بھیجا تھا کہ عید آ رہی ہے کپڑے دھونے ہیں، آپ مارکیٹ سے سرف لادیں جس کے بعد قاتل نے اسی موقع سے فائدہ اٹھایا اور گھر کے اندر گھس کر ثناء کو گولیاں ماردیں، تاہم قاتل گھر میں کیسے داخل ہوگیا اس حوالے سے کچھ معلوم نہیں لیکن اس وقت گھر میں کوئی مرد موجود نہیں تھا۔