جرمن اولمپک چیمپئن لورا ڈال مائر لیلا پیک پر چڑھائی کے دوران شدید زخمی، ریسکیو آپریشن جاری

منگل 29 جولائی 2025 21:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) جرمنی کی معروف اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور سابق بائیاتھلون چیمپئن لورا ڈال مائر گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کی حسین وادی ہوشے میں واقع لیلا پیک پر چڑھائی کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے ایک حادثے میں شدید زخمی ہو گئی ہیں۔ سرکاری ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق حادثہ 28 جولائی کو اس وقت پیش آیا جب لورا ڈال مائر اپنی ساتھی کوہ پیما مرینا کروس کے ہمراہ 5700 میٹر کی بلندی پر بغیر کسی اضافی سہولت (الپائن اسٹائل) کے چڑھائی کر رہی تھیں۔

اس دوران چٹانیں گرنے سے لورا شدید زخمی ہو گئیں جب کہ ان کی ساتھی لینڈ سلائیڈنگ کے مقام پر پھنس گئیں۔حادثے کے فوری بعد ایک ریسکیو کال جاری کی گئی جس کے بعد افواج پاکستان، گلگت بلتستان حکومت اور بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائی کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

تاہم خراب موسم اور دشوار گزار علاقے کے باعث ہیلی کاپٹر کو 29 جولائی کی صبح جائے حادثہ تک پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔

فضائی جائزے کے دوران متاثرہ مقام پر زندگی کی کوئی علامت نظر نہیں آئی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ریسکیو اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت دی ہے جب کہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ کوہ پیماؤں تک پہنچنے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔ خراب موسم، برفانی راستے اور بلند پہاڑیاں امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔لورا ڈال مائر کا تعلق جرمنی کے شہر گارمش-پارٹن کرچن سے ہے اور وہ دنیا کی سب سے کامیاب بائیاتھلون ایتھلیٹس میں شمار کی جاتی ہیں۔

انہوں نے 2018 کے پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس میں دو طلائی تمغے جیتے جب کہ سات عالمی چیمپئن شپ ٹائٹلز بھی اپنے نام کیے۔ 2017 کی ہچفیلزن چیمپئن شپ میں انہوں نے پانچ طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ جیتا، جو ان کے کیریئر کی سب سے شاندار کارکردگی سمجھی جاتی ہے۔لورا نے 2019 میں 25 سال کی عمر میں کھیل سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، جس کے بعد وہ کوہ پیمائی اور جرمن نشریاتی ادارے ZDF کے لیے اسپورٹس اینالسٹ کے طور پر کام کر رہی تھیں۔

ان کے زخمی ہونے کی خبر پر نہ صرف جرمنی بلکہ عالمی اسپورٹس اور کوہ پیمائی کے حلقوں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ ان کی ساتھی کوہ پیما مرینا کروس دیگر کوہ پیماؤں کی مدد سے نیچے اتر رہی ہیں جب کہ لورا ڈال مائر کی صورتحال واضح ہونے کے بعد مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔