چیئرمین سینیٹ اسپیکرز کی عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے جنیوا پہنچ گئے

بدھ 30 جولائی 2025 03:10

اسلام آباد / جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اسپیکرز کی عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کی قیادت میں جنیوا پہنچ گئے۔ یہ کانفرنس 29 تا 31 جولائی 2025 تک جاری رہے گی، جس میں پارلیمانی تعاون، امن و انصاف، اور بین الاقوامی روابط جیسے اہم عالمی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پارلیمانی وفد میں سینیٹر میر دوستین ڈومکی اور چیئرمین سینیٹ کی ایڈوائزر مصباح کھر بھی شامل ہیں۔ وفد کا جنیوا ایئرپورٹ پر سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر جناب بلال احمد نے پرتپاک استقبال کیا۔عالمی کانفرنس کے دوران چیئرمین سینیٹ کی دیگر ممالک کے اسپیکرز اور پارلیمانی رہنماؤں سے اہم دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں بین الپارلیمانی تعاون کو فروغ دینے، جمہوری اقدار کے تحفظ اور مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔ یہ دورہ پاکستان کی پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ اور عالمی سطح پر مؤثر نمائندگی کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔