اپ سیڈڈ کوکوگف،ایلینا ریباکینا اور ایما ناوارو نیشنل بینک اوپن ٹینس ویمنز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں داخل

بدھ 30 جولائی 2025 14:02

اپ سیڈڈ کوکوگف،ایلینا ریباکینا اور ایما ناوارو نیشنل بینک اوپن ٹینس ..
مونٹریال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)امریکا کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ کوکوگف،قازقستان کی ٹینس سٹار ایلینا ریباکینا اور امریکا کی ہی ایما ناوارو اپنی پیش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے ڈبلیو ٹی اے نیشنل بینک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ اٹلی کی جیسمین پاؤلینی،برازیل کی بیٹریز حداد مایا اور روس کی ٹینس کھلاڑی ایکٹرینا ایوگینیوینا الیگزینڈروا دوسرے رائونڈ میں ہار کر ایونٹ کے ویمنز سنگلز مقابلوں سے باہر ہوگئیں۔

21 سالہ امریکی ٹینس سٹار کوکوگف نے ویمنز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میچ میں ہم وطن حریف کھلاڑی ڈینیئل روز کولنز کو 1-2 سیٹس سے شکست دی۔نیشنل بینک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ کینیڈا میں جاری ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی اے سٹیڈیم مونٹریال میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میچ میں 21 سالہ امریکا کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ کوکوگف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہم وطن حریف کھلاڑی ڈینیئل روز کولنز کو5-7، 6-4 اور 6-7(2-7)سے شکست دے کر نہ صرف ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا بلکہ تیسرے رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔

کوکوگف کا تیسرے رائونڈ میں مقابلہ روسی حریف کھلاڑی ویرونیکا ایڈورڈونا کدرمیٹووا سے ہوگا۔دوسرے رائونڈ کے ایک اور میچ میں قازقستان کی ٹینس سٹار ایلینا ریبا کینا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی حریف کھلاڑی ہیلی بپٹسٹ کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 3-6 سے ہرا دیا۔امریکا کی ہی ایما ناوارو نے بھی دوسرے رکاوٹ عبور کرلی، انہوں نے دوسرے رائونڈ کے میچ میں وائلڈ کارڈ پر انٹری پانے والی میزبان حریف کھلاڑی ربیکا کیتھرین مارینو کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 2-6 سے ہرا دیا اور تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔