فرانسیسی کمپنی ورلڈ لائن کو 4.2 ارب یورو کا خسارہ، مشتبہ لین دین پر خدشات برقرار

بدھ 30 جولائی 2025 15:09

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) فرانسیسی کمپنی ورلڈ لائن کو سال 2025 کی پہلی ششماہی میں 4.2 ارب یورو (4.8 ارب امریکی ڈالر)خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ورلڈ لائن کی جانب سے خسارے کا اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند ہفتے قبل ایک میڈیا تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ کمپنی اربوں یورو کے مشتبہ لین دین میں ملوث ہے۔

ورلڈ لائن، جو کہ جسمانی اور آن لائن دونوں قسم کے تاجروں سے ادائیگیوں پر کمیشن وصول کرتی ہے، نے یہ بھی بتایا کہ صارفین کی کم ہوتی ہوئی خریداری کے باعث اس کی آمدنی 3.4 فیصد کمی کے ساتھ 2.2 ارب یورو رہی۔کمپنی گزشتہ چند سال سے اپنے مالی تخمینوں میں مسلسل کمی کرتی آئی ہے اور اس کی گرتی ہوئی شیئر قیمت کے باعث اسے پیرس اسٹاک ایکسچینج کے بینچ مارک CAC 40 انڈیکس سے نکال دیا گیا۔

(جاری ہے)

جون کے آخر میں صحافیوں کے ایک عالمی کنسورشیم کی جانب سے شائع کی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں الزام لگایا گیا تھا کہ ورلڈ لائن نے اربوں یورو کی مشتبہ ٹرانزیکشنز کو پراسس کیا ہے، جن میں آن لائن جوا خانے، کرپٹو اثاثہ جات کے پلیٹ فارمز، فحش مواد کی ویب سائٹس اور ممکنہ منی لانڈرنگ نیٹ ورکس کی ٹرانزیکشنز بھی شامل ہیں،ان انکشافات کے بعد کمپنی کے حصص کی قیمت مزید گر گئی۔ورلڈ لائن کے سی ای او پیئرانتوئن واشرون نے کہا کہ نیوز رپورٹس کے بعد کمپنی کی جانب سے کرائے گئے آڈٹس کی ابتدائی رپورٹس کی بنیاد پر اب ہم اپنی تمام ریگولیٹڈ سرگرمیوں میں ایک بہتر پوزیشن میں ہیں۔