لاہور ہائیکورٹ کا جمشید دستی کی درخواست پر این اے 175 میں ضمنی الیکشن روکنے کا حکم

پی ٹی آئی رہنماء کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی بھی معطل، عدالت نے اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 جولائی 2025 13:11

لاہور ہائیکورٹ کا جمشید دستی کی درخواست پر این اے 175 میں ضمنی الیکشن ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی 2025ء ) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جمشید دستی کی درخواست پر این اے 175 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کرتے ہوئے انتکاب روکنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی جہاں سماعت کے آغاز پر جمشدی دستی کے وکیل اشتیاق چوہدری نے دلائل دیئے کہ ’الیکشن کمیشن کے پاس ریفرنس آیا جس پر نوٹس ہوا، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ الیکشن کمیشن بغیر کسی عدالتی ڈکلیریشن کے کسی کو خود سے نااہل نہیں کر سکتا، موجودہ کیس میں الیکشن کمیشن نے بغیر کسی عدالتی ڈکلیریشن کے درخواست گزار کو نااہل کیا‘۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ ’میں نے آپ کی پوری درخواست اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ سب کچھ پڑھ لیا ہے‘، بعدازاں عدالت نے جمشید دستی کی استدعا پر این اے 175 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کرتے ہوئے ضمنی انتخابات روک دیئے اور پی ٹی آئی رہنماء کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی بھی معطل کردی، عدالت نے اس معاملے پر اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا تھا، الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے محفوظ فیصلہ جاری کیا، ای سی پی نے اپنے فیصلے میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ریفرنس منظور کیا اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے رُکنِ قومی اسمبلی کو تعلیمی اسناد جعلی ہونے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا۔

قبل ازیں رواں برس مئی میں الیکشن کمیشن میں رکن قومی اسمبلی کے خلاف اثاثوں اور تعلیمی اسناد سے متعلق دائر درخواست کی سماعت مکمل کی تھی جس کے بعد تین رکنی کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، اب فیصلہ سناتے ہوئے ناصرف جمشید دستی کی نشست خالی قرار دیدی گئی بلکہ الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل قرار دینے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اسناد سے متعلق جھوٹا بیان اور غلط ڈکلیئریشن دینے پر جمشید دستی کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کی کارروائی بھی شروع کردی، اس حوالے سے 3 رکنی کمیشن نے 27 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا تھا۔