کویت نے پرائیویٹ ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد میں توسیع کردی

نئے آنے والے دو سال تک ملک میں قانونی طور پر رہنے کے بعد ہی لائسنس کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 جولائی 2025 16:02

کویت نے پرائیویٹ ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد میں توسیع کردی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی 2025ء ) خلیجی ملک کویت کی جانب سے پرائیویٹ ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد میں توسیع کردی گئی۔ گلف نیوز کے مطابق کویت نے پرائیویٹ ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد کویت اور جی سی سی کے شہریوں کے لیے 15 سال اور غیر ملکی باشندوں کے لیے 5 سال تک بڑھا دی ہے، اس حوالے سے ملک کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف الصباح نے ایک وزارتی فیصلہ جاری کیا۔

بتایا جارہا ہے کہ نئے وزارتی فیصلے کے تحت کویتی باشندوں، جی سی سی کے شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد میں توسیع کی گئی ہے، جس کو خلیجی ملک کے لائسنسنگ قوانین میں ایک اہم تبدیلی قرار دیا گیا ہے، نئے ضوابط کے تحت غیر ملکیوں کے لیے لائسنس کی میعاد 3 سے بڑھا کر 5 سال کر دی گئی ہے، کویتی اور خلیجی شہریوں کے لیے لائسنس اب 10 کی بجائے 15 سال کے لیے کارآمد ہوں گے، بے وطن باشندوں کے لیے لائسنس کی مدت ان کی شناختی دستاویزات کی درستگی سے منسلک رہے گی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کویتی باشندوں کے لیے لائسنس کی مدت روایتی طور پر 10 سال تھی جب کہ تارکین وطن کے لیے اسے ایک وقت میں کم کر کے ایک سال کر دیا گیا تھا جب کہ کئی ماہ قبل شیخ فہد الصباح نے غیر ملکی لائسنس کی میعاد تین سال تک بڑھا دی تھی اور اب ان کے نئے اعلان نے اسے فوری طور پر 5 سال تک بڑھا دیا ہے تاہم کویت ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے معاملے میں تارکین وطن کے لیے سخت شرائط رکھتا ہے، جس میں یونیورسٹی ڈگری کی شرط بھی شامل ہے، نئے آنے والے دو سال تک ملک میں قانونی طور پر رہنے کے بعد ہی ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں۔                       

متعلقہ عنوان :