آٹھ جنگیں ختم کیں‘ نوبل انعام کا حق دار ہوں، امریکی صدر

بہت اہم پاکستانی شخصیت فیلڈ مارشل نے اپنے رفقاء کے سامنے کہا صدر ٹرمپ نے لاکھوں جانیں بچالیں، مجھے یہ بات بہت اچھی لگی، میں ان کی تعریف کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں؛ محکمہ جنگ کے اجلاس سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 اکتوبر 2025 11:30

آٹھ جنگیں ختم کیں‘ نوبل انعام کا حق دار ہوں، امریکی صدر
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میں نے آٹھ جنگیں ختم کیں، اس لیے میں نوبل انعام کا حق دار ہوں، میں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان چھڑنے والی ممکنہ بڑی جنگ کو روکا جو ایٹمی تصادم کی شکل اختیار کر سکتی تھی۔ امریکی محکمہ جنگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے خلاف جا رہے تھے، سات جہاز گرائے جاچکے تھے، چار دن تک جنگ چھڑی رہی، میں نے دونوں ممالک کو کال کی اور کہا کہ اگر یہ سب جاری رہا تو کوئی تجارت نہیں ہوگی اس طرح میں نے جنگ رکوا دی، اس جنگ میں لاکھوں جانیں جا سکتی تھیں لیکن میں نے اسے روک کر دنیا کو بڑے سانحے سے بچایا۔

امریکی صدر کہتے ہیں کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ہمارے ساتھ تھے تو اس دوران فیلڈ مارشل جو پاکستان میں بہت اہم شخصیت ہیں، انہوں نے ایک موقع پر اپنے رفقاء کے سامنے کہا کہ صدر ٹرمپ نے لاکھوں جانیں بچالیں کیوں کہ انہوں نے جنگ کو بڑھنے سے روکا اور مجھے یہ بات بہت اچھی لگی، میں فیلڈ مارشل کی تعریف کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں۔

(جاری ہے)

‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنی صدارت کے دوران 8 بڑی جنگیں ختم کرائیں اور اس میں سب سے بڑی جنگ بھارت اور پاکستان کی تھی جو ایٹمی جنگ بن سکتی تھی، میں نے اتنے تنازعات ختم کیے ہیں لیکن کل ہم نے شاید سب سے بڑا معاہدہ کیا جو مشرقِ وسطیٰ کا معاملہ ہے، تمام عرب اور مسلمان ممالک راضی ہو گئے ہیں، اسرائیل نے بھی اتفاق کرلیا ہے اگر حماس مان گئی تو یہ صدیوں پرانا مسئلہ حل ہو جائے گا، اگر غزہ امن منصوبہ کامیاب ہو گیا تو یہ ان کی آٹھویں بڑی کامیابی ہوگی لیکن مجھے ذاتی طور پر نوبیل انعام نہیں چاہیئے بلکہ میں چاہتا ہوں یہ اعزاز میرے ملک کو ملنا چاہیئے۔