حکومت نے رات گئے پٹرول اور ڈیزل مہنگا کر دیا

وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 اکتوبر تک کیلئے اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 30 ستمبر 2025 23:59

حکومت نے رات گئے پٹرول اور ڈیزل مہنگا کر دیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 ستمبر2025ء ) حکومت نے رات گئے پٹرول اور ڈیزل مہنگا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر عوام پر پٹرول بم گرا دیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 اکتوبر تک کیلئے اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ حکومت نے پٹرول 4 روپے 7 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 4 پیسے مہنگا کر دیا۔

یوں پٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 268 روپے 68 پیسے مقرر کر دی گئی جبکہ ڈیزل کی نئی فی لیٹر قیمت 276 روپے 81 پیسے پیسے مقرر کر دی گئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 15 اکتوبر تک کیلئے ہو گا۔ اس سے قبل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے ایل پی جی گیس کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا۔ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 6 روپے 70 پیسے فی کلو کمی کرتے ہوئے ماہ اکتوبر کے لیے فی کلو گیس کی قیمت 207 روپے 49 پیسے مقرر کردی۔

(جاری ہے)

حالیہ کمی کے بعد 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2448 روپے ہوجائے گی۔ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہوگا۔ واضح رہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ گزشتہ روز مکمل کرلی گئی تھی جس کے تحت یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک روپیہ 97 پیسے سے 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر تک کا اضافہ ہوسکتا ہے، پیٹرول کی قیمت ایک روپیہ 97 پیسے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 48 پیسے فی لیٹر بڑھنے کا امکان ہے۔ بتایا گیا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپیہ 76 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے، اوگرا قیمتوں سے متعلق ورکنگ پیٹرولیم ڈویژن کے ذریعے وزارتِ خزانہ کو ارسال کرے گی، جس کے بعد وزیراعظم کی طرف سے منظوری ملتے ہی ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق وزارت خزانہ باضابطہ اعلان کرے گی۔

علاوہ ازیں اس وقت حکومت عوام سے ایک لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر کتنا ٹیکس وصول کرتی ہے؟ اس سلسلے میں پیٹرولیم ڈویژن کی دستاویز سے پتا چل گیا، پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سامنے آنے والی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ایک لیٹر پیٹرول پر 94 روپے 89 پیسے اور ایک لیٹر ڈیزل پر 95 روپے 35 پیسے کے ٹیکس عائد ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 36 فیصد اور ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت میں 35 فیصد ٹیکس عائد ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 14روپے37 پیسے کسٹم ڈیوٹی اور 78 روپے 2 پیسے پیٹرولیم لیوی ہے، ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے کلائیمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں وصول کیے جارہے ہیں جب کہ فی لیٹر ڈیزل کی قیمت میں 15روپے 84 پیسے کسٹم ڈیوٹی اور 77 روپے ایک پیسے پیٹرولیم لیوی بھی ہے، ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت میں اڑھائی روپے کلائیمیٹ سپورٹ لیوی بھی شامل ہے۔