ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع

شہریوں اور کاروباری افراد کی جانب سے کیے جانے والے مطالبے پر ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 15 دن کیلئے توسیع کر دی گئی

muhammad ali محمد علی بدھ 1 اکتوبر 2025 00:05

ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 ستمبر2025ء) ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع، شہریوں اور کاروباری افراد کی جانب سے کیے جانے والے مطالبے پر ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 15 دن کیلئے توسیع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہ کرنے کے اپنے فیصلے پر یوٹرن لے لیا۔

چند گھنٹے قبل ایف بی آر ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی، تاہم رات کے 12 بجتے ہی ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کر دی۔ رات 12 بجے ٹیکس سال2025 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا مقررہ وقت ختم ہو گیا جس کے بعد مقررہ تاریخ کو 15 اکتوبر تک توسیع دے دی گئی۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر کا IRIS پلیٹ فارم مکمل طور پر فعال ہے اور بخوبی کام کر رہا ہے۔ ٹیکس گزار نئے متعارف کردہ سادہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے ذریعے باآسانی اپنے ریٹرن فائل کر سکتے ہیں۔ آخری تاریخ تک ریٹرن فائل نہ کرنے والے لیٹ فائلر تصور ہوں گے اور ان پر قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ تمام اہل ٹیکس گزار کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے اپنے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں۔

ٹیکس گزار مقررہ تاریخ تک واجب الادا ٹیکس ادا کرکے قانون کے مطابق متعلقہ کمیٹی کی منظوری سے ریٹرن جمع کروانے کے لیے زیادہ سے زیادہ 15دن کی توسیع حاصل کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہر سال ایف بی آر کی جانب سے ابتدائی طور پر ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کیلئے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی جاتی ہے، تاہم ہر سال اس ڈیڈ لائن میں مزید اضافہ کر دیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :