گوشت یا دودھ کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے جانوروں کے پیٹ کے کیڑوں اور جلد کے کیڑوں تدارک نہایت ضروری ہے، محکمہ لائیواسٹاک

بدھ 30 جولائی 2025 17:27

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال ڈاکٹرمحمد افضل نے کہا ہے کہ گوشت یا دودھ کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے جانوروں کے پیٹ کے کیڑوں اور جلد کے کیڑوں تدارک نہایت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج بدھ کو مویشی پال حضرات سے اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کے پیٹ کے کیڑوں کی وجہ سے ان کی جسمانی صحت کمزور ہوتی ہے، دودھ اور گوشت کی پیداور میں نمایاں کمی آجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں میں کیڑ ے دو قسم کے ہوتے ہیں ،اندورنی کیڑے اور بیرونی کیڑے ،اندرونی کیڑے گول چپٹے فیتا نما وار اور لمبے ہوتے ہیں،انکی موجودگی کی نشانیاں یہ ہیں کہ جانورگوبر پتلا اور بدبودار کرتے ہیں، آنکھوں سے پانی اور گندآتا ہے، سستی آجاتی ہے ،جانور کمزور ہوکر سوکھ جاتا ہے،جبڑے کے نیچے پانی جمع ہوجاتا ہے،لیور اور جوڑوں پر ورم آنا ،بالوں کا جھڑنا، جلد کھردری ہونا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر یہ نشیانیاں ہیں تو جانور کی ڈیورمنگ فورا کریں، یعنی کیڑے مار دوا پلائیں ۔انہوں نے بتایا کہ اچھا طریقہ یہ ہے کہ جانور کو جتنی دوائی دینی ہے اتنا پانی ملا لیں تو جانور کو نگلنے میں آسانی رہتی ہے، بیرونی ڈیورمنگ میں چیچڑ جوئیں، پسو کا شمار ہوتا ہے اسکے لیے آپ اپنے جانور کا خیال ر کھیں ان کو چیک کرتے رہیں،جانور کاکھجلی کرنا، جسم کا دیوار وغیرہ سے رگڑنا اور جانور کے جسم سے خون کا سمنا کی صورت میں بیرونی ڈیورمنگ کرنا ضروری ہے اس کے لیے انجیکشن آئیوٹیک سپر استعمال کریں یہ انجکشن گھبن جانوروں کو لگانے سے گریز کریں اورگھبن جانوروں کے لئے انجیکشن ڈیکٹران استعمال کریں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ بیرونی ڈیورمنگ ہمیشہ ٹھنڈی کرکے اور ٹھنڈے وقت عموما شام کے وقت کریں، ایک دفعہ کرنے کے 14 دن کے بعد دوبارہ بیرونی ڈیورمنگ کریں اور پھر ہر دفعہ یہ عمل تین ماہ بعد دوہرانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اندرونی ڈیورمنگ کی دوا بہتر ہے صبح کے وقت جب جانور خالی پیٹ ہو اس وقت پلا دیں اور 2 گھنٹے تک کھانے کو کچھ نہ دیں، اس طرح اس کا اثر زیادہ ہوتا ہے اور ڈیورمنگ کرنے سے پہلے جانور کو گڑ کھلائیں اس سے بہتر رزلٹ ملتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیورمنگ کی دوائی پلانے کے بعد عموما جانور کوموشن لگ جاتے ہیں انہیں روکنے کی کوشش نہ کریں یہ خود ہی ٹھیک ہو جاتے ہیں، پھر 14 دن کے بعد دوبارہ ڈیورمنگ کریں کیونکہ کیڑے پہلی ڈیورمنگ سے مر جاتے ہیں لیکن ان کے انڈے رہ جاتے اس لیے ان کو ختم کرنے کے لیے دوبارہ ڈیورمنگ کریں۔

متعلقہ عنوان :