Live Updates

ایم ڈی واسا کی متوقع بارشوں کے پیش نظر نکاسی آب کے موثر انتظامات کیلئے ہدایات جاری

جمعرات 31 جولائی 2025 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے متوقع بارشوں کے پیش نظر نکاسی آب کے موثر انتظامات کے لیے تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کو پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ترجمان کے مطابق ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ شہریوں کو بہترین نکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کے جنریٹرز میں بروقت فیول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بجلی بندش کی صورت میں نکاسی آب کا عمل متاثر نہ ہو، اس کے ساتھ ساتھ تمام پمپوں کے امپیلرز کی باقاعدگی سے صفائی اور مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کسی قسم کی بلاکیج یا فنی خرابی سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی اسکرینز کی صفائی کو ترجیح دی جائے تاکہ پانی کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو، سیوریج لائنوں میں موجود کسی بھی بندش کو فوری طور پر دور کیا جائے اور تمام نالوں سے فلوٹنگ میٹیریل کو ہنگامی بنیادوں پر ہٹایا جائے تاکہ بارش کے دوران پانی کی نکاسی میں کوئی خلل نہ آئے۔

ایم ڈی واسا نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے تمام آپریشنز کو قبل از وقت مکمل کیا جائے اور فیلڈ ٹیمیں ہر وقت متحرک رہیں،کسی بھی مقام پر پانی کھڑا ہونے یا شکایات کی صورت میں فوری رسپانس دیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ نکاسی آب آپریشن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ، فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں واسا لاہور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے پرعزم ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات