امریکہ کا جدید لڑاکا طیارہ ایف 35 گر کر تباہ

امریکی فضائیہ کے زیر استعمال طیارہ کیلیفورنیا کے نیول ایئر سٹیشن لیمور کے قریب گر کر تباہ ہوا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 31 جولائی 2025 11:14

امریکہ کا جدید لڑاکا طیارہ ایف 35 گر کر تباہ
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جولائی 2025ء ) امریکی بحریہ کا جدید ترین لڑاکا طیارہ ایف 35 کیلیفورنیا میں گر کر تباہ ہو گیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی فضائیہ کے زیر استعمال ایف 35 لڑاکا طیارہ کیلیفورنیا کے نیول ایئر اسٹیشن لیمور کے قریب گر کر تباہ ہوا، ایک نشست والے فائٹر جیٹ کا پائلٹ طیارے کے تباہ ہونے سے پہلے ہی باہر نکلنے میں کامیاب رہا، طیارہ حادثے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

امریکی بحریہ کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ پائلٹ نے مہارت سے خود کو طیارے سے باہر نکالا اور اپنی جان بچائی، واقعے میں کوئی دوسرا شخص متاثر نہیں ہوا، حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ اس سے پہلے رواں برس 28 جنوری 2025 کو بھی ایک ایف 35 اے ایئلسن ایئر فورس بیس الاسکا میں تربیتی پرواز کے دوران لینڈنگ سے پہلے گر کر تباہ ہوا تھا حادثے کی وجہ ایک ان فلائٹ خرابی بتائی گئی تھی جب کہ 17 ستمبر 2023ء کو ایک ایف 35 بی جنوبی کیرولائنا کے نارتھ چارلسٹن کے اوپر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوا تھا، اس حادثے میں بھی پائلٹ بحفاظت باہر نکل گیا لیکن طیارہ تقریباً 30 گھنٹوں تک غائب رہا اور اس کا ملبہ 18 ستمبر 2023ء کی شام کو ملا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چند روز قبل ایک امریکی مسافر طیارے میں بھی آگ لگ گئی تھی جس کے بعد ہنگامی طور پر مسافروں کو باہر نکالنا پڑگیا، یہ واقعہ امریکی شہر ڈینور میں پیش آیا تھا جہاں طیارے میں اچانک دھواں نکلنے کے بعد آگ لگنے کی وجہ سے جہاز میں سوار مسافروں کو ہنگامی طور پر باہر نکالا گیا، ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ بوئنگ 737 کے لینڈنگ گیئر میں ممکنہ خرابی اور دھواں اٹھنے پر مسافروں اور عملے کو سلائیڈ کے ذریعے طیارے سے باہر نکالا گیا، جس کے بعد فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی، حادثہ طیارے کے پرواز کرنے سے قبل پیش آیا، طیارے میں 173 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :