وزیراعظم یوتھ پروگرام ، برٹش ای سپورٹس فیڈریشن اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کے مابین پاکستان میں ای سپورٹس کے فروغ اور ای سپورٹس فیڈریشن کے قیام کےلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 31 جولائی 2025 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام ، برٹش ای سپورٹس فیڈریشن اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ نے پاکستان میں ای سپورٹس کے فروغ اور ای سپورٹس فیڈریشن کے قیام کےلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں ، مفاہمتی یادداشت کا مقصد پاکستان کی پہلی قومی ای سپورٹس پالیسی کی تشکیل ، نوجوانوں کی شمولیت ، ڈیجیٹل مہارتوں کی ترقی اور جدت پرمبنی روزگارکے مواقع میں اضافہ ہے۔

رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن آمنہ بتول نے جمعرات کو برٹش ای سپورٹس اور دولت مشترکہ سیکرٹریٹ کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ای سپورٹس کے فروغ کےلئے ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جس میں سپورٹس اور تعلیم سمیت تمام شعبوں کی نمائندگی ہے، نوجوان موبائل پر گیمز کھیل کر زرمبادلہ کماتے ہیں ، اس کو باضابطہ بنانے اور قانونی شکل دینے پر توجہ مرکوز ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم یوتھ پروگرام ، برٹش ای سپورٹس فیڈریشن اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا مقصد پاکستان میں ای سپورٹس کے فروغ اور ای سپورٹس فیڈریشن کے قیام میں تعاون فراہم کرنا ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری وزیراعظم یوتھ پروگرام محمد علی ملک نے کہا کہ تمام فریقوں کی مشاورت سے پہلی ای سپورٹس پالیسی تشکیل دی جارہی ہے، اس مفاہمت کی یادداشت سے ای سپورٹس کے فروغ اور پاکستان میں ای سپورٹس فیڈریشن کے قیام میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام ملک میں ای سپورٹس کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کےلئے کام کررہا ہے۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے دولت مشترکہ سیکرٹریٹ کے نمائند ے لین رابنسن نے پاکستان میں ای سپورٹس کے فروغ کےلئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔