خواتین کو پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ڈاکٹر بینش اسرار

جمعرات 31 جولائی 2025 15:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے انسٹیٹیوٹ آف ہوم سائنسز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر بینش اسرار نے کہا ہے کہ ہنر پر مبنی تعلیم خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ بات انہوں نے ہوم سائنسز انسٹیٹیوٹ اور ویمن انڈسٹریل ہومز کے اشتراک سے منعقدہ 2روزہ بیکنگ ٹیکنیکس کی عملی تربیتی ورکشاپ کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین کو پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے اس دور میں خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لئے سہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ویمن انڈسٹریل ہومز کی انچارج صدف اقبال نے کہا کہ خواتین میں کاروباری صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملازمت تلاش کرنےکی بجائے دوسروں کے لئے روزگار فراہم کرنے والی بن سکیں۔ زرعی یونیورسٹی خواتین کو چھوٹے پیمانے پر کم سرمایہ سے کاروبار شروع کرنے کی حوصلہ افزائی اور ان کی معاونت کرتی ہے۔ یہ عملی تربیت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔