امریکی سینیٹ میں اسرائیل کو اسلحے کی فروخت روکنے کی 2 قراردادیں مسترد

امریکی عوام اربوں ڈالر اس مقصد کے لیے خرچ نہیں کرنا چاہتے کہ غزہ میں بچوں کو بھوکا رکھا جائے،برنی سینڈر

جمعرات 31 جولائی 2025 16:00

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)امریکی سینیٹ میں غزہ میں شہری ہلاکتوں کے ردِ عمل میں اسرائیل کو اسلحے کی فروخت روکنے کے لیے پیش کی گئیں 2 قراردادیں مسترد کر دی گئیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دونوں قراردادیں ورمونٹ سے تعلق رکھنے والے آزاد رکن اور ڈیموکریٹس کے حامی تصور کیے جانے والے سینیٹر برنی سینڈرز نے پیش کی تھیں، 100 رکنی ایوان میں یہ قراردادیں بالترتیب 73 کے مقابلے میں 24 اور 70 کے مقابلے میں 27 ووٹوں سے مسترد کی گئیں۔

(جاری ہے)

برنی سینڈرز نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ڈیموکریٹک کاکس کی اکثریت نے اس کوشش کی حمایت کی، ماحول بدل رہا ہے، امریکی عوام اربوں ڈالر اس مقصد کے لیے خرچ نہیں کرنا چاہتے کہ غزہ میں بچوں کو بھوکا رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس اس مسئلے پر آگے بڑھ رہے ہیں، اور مجھے جلد ریپبلکنز کی حمایت کی بھی امید ہے۔یہ قراردادیں 67 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کے بموں کی فروخت اور 20 ہزار خودکار رائفلوں کی ترسیل کو روکنے کے لیے پیش کی گئی تھیں، انہیں اس سال کے اوائل میں پیش کی گئی اسی نوعیت کی قراردادوں کے مقابلے میں زیادہ حمایت ملی۔