روڈ سیفٹی کے حوالے سے عملی اقدامات کو یقینی بنایاجائےتاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے، ڈپٹی کمشنر قصور

جمعرات 31 جولائی 2025 16:30

قصور.31 جولائی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کی زیر صدارت ماہانہ روڈ سیفٹی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے، پنجاب ہائی وے پولیس، ٹریفک پولیس اور آئی پی ڈبلیو ایم کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سڑکوں پر حادثات کی روک تھام، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے، شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے اور بین الاداروں کو مربوط کرنے کے لیے مختلف امور زیر بحث آئے۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو مزید مؤثر بناتے ہوئے روڈ سیفٹی کے حوالے سے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ عوام میں ٹریفک قوانین کی پابندی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے مہمات شروع کی جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں جن پر آئندہ اجلاس میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔علاوہ ازیں  ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کی زیر صدارت بابا بلھے شاہ ہسپتال کی رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس)، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایم ایس) بابا بلھے شاہ ہسپتال سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ہسپتال کے عملے کے لیے رہائشی سہولیات کی منصفانہ تقسیم، الاٹمنٹ کے شفاف طریقہ کار اور موجودہ رہائش گاہوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ الاٹمنٹ کا عمل میرٹ کی بنیاد پر مکمل شفاف انداز میں کیا جائے تاکہ ہسپتال کے سٹاف کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔\378