جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن 2 اگست کو منعقد ہوگا،مولانامفتی ناصر محمود

جمعرات 31 جولائی 2025 18:10

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور ضلع مانسہرہ کے جنرل سیکرٹری مولانا مفتی ناصر محمود نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن بروز ہفتہ2 اگست دوپہر ایک بجے منعقد ہوگا۔کنونشن سے جمعیت علمائےاسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا محمد امجد خان لاہوری، جمعیت علمائےاسلام پاکستان کے سوشل میڈیا سیل کے کوآرڈینیٹر انجینئر ضیاء الرحمن خطاب کریں گے۔

اس موقع پر قافلہ شیخ الہند میں شامل ہونے والے تاجی فرح خان کھوکھر کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جائے گا۔ مفتی ناصر محمود کا کہنا تھا کہ قافلہ شیخ الہند ایک ایسی نظریاتی تحریک ہے جو پاکستان کے اسلامی تشخص، آئین کی بالادستی ،جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے میدانِ عمل میں سرگرم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کارکنان،ضلعی مجلس عمومی کے ارکین ،علمائے کرام، مدارس کے ذمہ داران ،تاجر برادری، نوجوانوں اور ہر مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ ورکرز کنونشن میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے عزم و وفاداری کا اظہار کریں تاکہ جمعیت کا پیغام ہر دل تک پہنچایا جا سکے۔

کنونشن کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور تمام شعبہ جات کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔