صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر آگاہی سیشن کا انعقاد

جمعرات 31 جولائی 2025 18:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ سہیل احمد راجپوت (تمغہ امتیاز) کی ہدایت پر ریجنل آفس حیدرآباد میں ایک اہم آگاہی سیشن بعنوان "آگاہی ازالے تک پہنچنے کا راستہ ہے" منعقد کیا گیا۔ یہ سیشن ریجنل ڈائریکٹر سید سجاد حیدر شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف غیر سرکاری تنظیموں، سماجی اداروں اور ویلفیئر سوسائٹیوں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

سیشن کے آغاز پر شرکا کا تعارف کرایا گیا جس کے بعد ریجنل ڈائریکٹر نے ادارہ محتسب اعلیٰ سندھ کے قیام، دائرہ اختیار اور عوامی شکایات کے اندراج کے آسان و مؤثر طریقہ کار پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ محتسب کا ادارہ صوبائی سرکاری محکموں میں بدانتظامی کے خاتمے اور عوام کو شفاف، فوری اور بلا معاوضہ انصاف فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

(جاری ہے)

سید سجاد حیدر شاہ نے کہا کہ عوامی آگاہی مسائل کے حل کا پہلا قدم ہے، شہری جب اپنے آئینی حقوق سے واقف ہوں گے تو ہی اپنے جائز حقوق حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شکایت درج کرانے کا عمل نہایت سہل اور کم خرچ ہے اور اس میں شکایت کنندہ کو کسی مالی دباؤ یا رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ سیشن کے شرکاء نے پروگرام میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی اور تجاویز پیش کیں کہ عوام تک یہ پیغام زیادہ مؤثر انداز میں پہنچایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس نظام سے مستفید ہو سکیں۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی اپنی تنظیموں کے پلیٹ فارم سے بھی اسی نوعیت کے آگاہی پروگرام ترتیب دیں گے۔ شرکاء نے ریجنل آفس حیدرآباد کی اس کاوش کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مایوسی سے نکالنے اور ادارہ جاتی خامیوں کی نشاندہی کے لیے ایسی سرگرمیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

متعلقہ عنوان :