یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریبات کے انتظامات ، تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس

ڈپٹی کمشنر کی یومِ استحصالِ کشمیر کو بھرپور جوش و جذبے سے منانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات

جمعرات 31 جولائی 2025 19:55

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریبات کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیل میونسپل آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ محکمہ تعلیم مردانہ و زنانہ)، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بذاتِ خود شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر سلیم جان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کا دن کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بھارتی ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی ہر فورم پر بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ یومِ استحصالِ کشمیر کو بھرپور جوش و جذبے سے منانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات، تقاریر اور ریلیوں کے انعقاداور مختلف طبقاتِ زندگی کی شمولیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے تاکید کی کہ ان تقریبات میں سرکاری افسران، سول سوسائٹی، تاجر برادری، صحافیوں اور عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ دن کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کا ایک مثر اور یادگارموقع ثابت ہو۔