نوشہرہ،دوستی نہ کرنے پر نوجوان کو باپ کے سامنے فائر کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

جمعرات 31 جولائی 2025 19:55

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء) دوستی نہ کرنے پر نوجوان کو باپ کے سامنے فائر کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ،ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرارہوگیا، پولیس نے مقتول نوجوان کے باپ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی اس سلسلے میں نذیر خان ولد سلیم خان ساکن بہرام کلے نوشہرہ نے پولیس کو یوں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ میں اپنے بیٹے جواد خان کے ہمراہ مال مویشیوں کیلئے چارہ لانے سے فارغ ہوئے تو میں اپنی گدھا گاڑی میں اور میرا بیٹا جواد اپنی 70موٹرسائیکل پر مجھ سے آگے آگے آہستہ جارہا تھا ہم جونہی شلاخیل پل راستہ پہنچے تو اس دوران عمیر ولد سہراب ساکن بہرام کلے شلا خیل جو کہ پہلے سے موجود تھا نے میرے بیٹے جواد خان پر اپنی پستول پربہ ارادہ قتل فائرنگ شروع کردی جس سے وہ لگ کر زخمی ہوا جو چند سیکنڈ ہی میں زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا پولیس نے مقتول نوجوان جواد خان کے والد نذیر خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی وجہ عناد مقتول کا ملزم کے ساتھ دوستی نہ کرنے پر تنازعہ بتایا جارہا ہے۔