سندھ حکومت کا جعلی کھاد اور زرعی ادویات کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

جمعرات 31 جولائی 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) سندھ حکومت نے جعلی کھاد اور زرعی ادویات کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے۔جمعرات کو ترجمان محکمہ زراعت سندھ کے مطابق سیکریٹری زراعت کے دفترمیں منعقد ہ ملاقات میں صوبائی وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر اور سیکرٹری زراعت محمد زمان ناریجو نے صوبے کے ممتاز کاشتکار رہنمائوں سے مشاورت کی اورسندھ سیڈ ایکٹ کے موثر نفاذ، سرٹیفائیڈ کپاس کی اقسام، جی تھری کھاد کی قلت اور زرعی اجناس کی مسلسل فراہمی جیسے اہم امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا،جس میں ٹنڈوالہ یار میں ٹماٹر، آم اور کیلے کی کاشت، قیمتوں پر کنٹرول اور سپلائی سے متعلق امور زیر بحث آئے جبکہ تھر کے علاقوں میں اسپغول جیسے مفید پودوں اور سرٹیفائیڈ پیاز کے بیج کی دستیابی پر بھی گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

کاشتکار نمائندوں نے وزیر زراعت کو جعلی زرعی ادویات اور کھاد کی قلت جیسے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر وزیر زراعت نے متعلقہ افسران کو فوری ایکشن لینے اور روزانہ کی بنیاد پر جعلی زرعی مصنوعات کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی۔وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے زرعی شعبے کو خود کفیل بنانے کے لیے جدید زرعی رجحانات اپنانے اور ضلعی سطح پر زرعی مانیٹرنگ ٹیمیں فعال کرنے کی ہدایت دی تاکہ معیاری بیج اور کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سندھ کے کسانوں کو روایتی فصلوں کےساتھ تل، ادرک اور دیگر منافع بخش اجناس کی کاشت کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہو بلکہ کسانوں کی آمدنی میں بھی بہتری آئے۔انہوں نے تجویز دی کہ تھر جیسے علاقوں میں اسپغول اور سرٹیفائیڈ پیاز جیسی فصلوں کی کاشت ممکن ہے، جس سے مقامی معیشت مستحکم ہو سکتی ہے۔

ملاقات میں کاشتکار رہنما سید ندیم شاہ جاموٹ، ریاض احمد آرائیں، امتیاز علی سومرو اور عارف نذیر قائم خانی نے شرکت کی جبکہ محکمہ زراعت کے اعلی افسران جن میں ڈپٹی سیکریٹری احمد علی شیخ، ڈی جی زراعت سید ندیم شاہ، منیر احمد جمانی، ڈی جی مارکیٹ کمیٹی شریف عباسی اور ڈی جی زرعی توسیع ڈاکٹر مظہر کیریو بھی موجود تھے۔