پاکستان کی آئی ٹی برآمدات تاریخی سطح پر پہنچ گئیں

آئی ٹی کی خدمات کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران58 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر کا اضافہ 14 ہزار 890 آئی ٹی کمپنیاں اور 7 ہزار 400 کال سینٹرز بھی رجسٹرڈ ہوئے ہیں، حکام

جمعرات 31 جولائی 2025 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)پاکستان کی آئی ٹی برآمدات تاریخی سطح پر پہنچ گئیں،آئی ٹی کی خدمات کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 58 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کی تفصیل پیش کی گئی۔

سینیٹ کمیٹی کو بتایا گیاکہ پاکستان میں آئی ٹی کی خدمات کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 58 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر کا اضافہ اورمجموعی حجم 3 ارب80 کروڑ ڈالر ہوگیا ہے۔پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے مطابق آئی سی ٹی خدمات میں18 فیصد اضافہ ہوا، 24-2023 میں برآمدات 3.223 ارب امریکی ڈالر تھیں تاہم برآمدات کا حجم بڑھ کر3.809 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی ایس ای بی نے بتایاکہ جون 2025 میں خدمات کی برآمدات سے 33کروڑ80 لاکھ امریکی ڈالر آئے،جون کے مہینے میں اب تک کی سب سے زیادہ آئی ٹی ترسیلات جمع ہوئی ہیں اور عالمی اقتصادی چیلنجوں کے باوجود آئی ٹی برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے۔بتایاگیا کہ زیرجائزہ عرصے کے دوران22 ہزار سے زائد آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز رجسٹرڈ ہوئے، 14 ہزار 890 آئی ٹی کمپنیاں اور 7 ہزار 400 کال سینٹرز بھی رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔