شعبہ انفارمیشن مینجمنٹ، اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کی لائبریری میپ آف ورلڈ کے ذریعے گلوبل نالج ایکو سسٹم میں شمولیت

جمعرات 31 جولائی 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ انفارمیشن مینجمنٹ نے بین الاقوامی فیڈریشن آف لائبریری ایسوسی ایشنز اورمختلف اداروں کے ساتھ شراکت کے طور پر کام کیا تاکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ لائبریری میپ آف دی ورلڈ میں تعاون کیا جا سکے جو کہ بین الاقوامی فیڈریشن آف لائبریری ایسوسی ایشنز کا ایک تاریخی اقدام ہے۔

یہ دنیا بھر میں لائبریریوں کے کردار اور اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔ ڈیپارٹمنٹ انفارمیشن مینجمنٹ، اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور نے پاکستان بھر میں تمام قسم کی لائبریریوں، بشمول قومی، تعلیمی، عوامی، کمیونٹی، اسکول اور خصوصی لائبریریوں کے بارے میں جامع ڈیٹا اکٹھا اور شیئر کرکے ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ شراکت عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کی لائبریریوں کے منظر نامے کو اجاگر کرنے اور معیاری تعلیم، تحقیق، اختراعات، تخلیقی صلاحیتوں اور پائیدار ترقی میں لائبریریوں کے کردار کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتی ہے۔

شعبہ ہذا کی طرف سے جمع کرائے گئے ڈیٹا میں کارکردگی کے اشاریوں کا ایک ابتدائی سیٹ شامل ہے جو ملک میں لائبریریوں کی حالت کے بارے میں گہری بصیرت فراہم کرتا ہے۔ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی نے پاکستان کی لائبریریوں کی عالمی سطح پر اہمیت کو بڑھانے اور معلومات تک رسائی، ڈیجیٹل شمولیت اور کمیونٹی کو بااختیار بنانے کے لیے ڈیپارٹمنٹ کے تعاون کو سراہاہے۔

انہوں نے تعاون کرنے والی ٹیم ڈاکٹر شکیل احمد خان اور ڈاکٹر عامر رسول اور شعبہ کے تمام فیکلٹی ممبران کو اس سنگ میل میں اپنا اہم کردار ادا کرنے پر مبارکباد دی۔ ڈیپارٹمنٹ کا یہ اقدام اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کے انفارمیشن سائنس کے میدان میں تحقیق اور ترقی کو آگے بڑھانے کے وژن کے ساتھ ہم آہنگ ہے، اور عالمی تعاون، پائیدار تعلیم میں پائیدار ترقی اور تعاون کو فروغ دیتا ہے۔