آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا

جمعہ 1 اگست 2025 00:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ ترجمان کے مطابق اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ نے سی سی ڈی کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آئی جی نے سنگین جرائم کی سرکوبی کے لئے سی سی ڈی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اورکہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق سنگین جرائم کے مرتکب کریمنلز کا سدباب کر رہے ہیں،سی سی ڈی ضلعی پولیس سے موثر کوآرڈینیشن اور حکمت عملی سے بہترین نتائج دے رہا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ اشتہاری مجرمان، ڈاکوئوں، اغوا کاروں کی گرفتاری اور گمشدہ بچوں کی بازیابی کیلئے سی سی ڈی کی خدمات قابل قدر ہیں، بڑے منشیات فروش، موٹر سائیکل چور گینگز کی گرفتاری کیلئے بھی مزید اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ڈی آئی جی سی سی ڈی ایچ آر ایم عمر فاروق سلامت، ڈی آئی جی انٹرنل اکائونٹیبلٹی سی سی ڈی وقاص الحسن، سی سی ڈی آر اوز اور ڈی اوز سمیت سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔