ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند، تمام سٹورز سے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان ویئر ہاؤس منتقل

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے ملک بھر کے تمام ذونل منیجرز کو مراسلہ ارسال، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا ای آر پی سسٹم بھی آج سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا، ادارے کی تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 1 اگست 2025 12:12

ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند، تمام ..
اسلا م آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اگست 2025)ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا، تمام سٹورز سے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان ویئر ہاؤس منتقل کر دیا گیا، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے ملک بھر کے تمام ذونل منیجرز کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے، وفاقی حکو مت کی ہدایت پر ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا کی خریدو فروخت کا عمل آج سے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور ادارے کے تمام اسٹورز سے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان ویئر ہاؤس کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

یوٹیلیٹی سٹورز وزیراعظم شہباز شریف اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد بند کئے گئے ہیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے سٹورز پر اشیا کی خریدو فروخت کا عمل جمعرات سے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور ادارے کے تمام اسٹورز سے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان ویئر ہاؤسز کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا ای آر پی سسٹم بھی آج سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق ای آر پی سسٹم کو بند کر دیا گیا ہے اور  31 جولائی کے بعد اس سسٹم کے ذریعے کی جانے والی کسی بھی خرید و فروخت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یوٹیلٹی سٹورز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی آپریشن بند کرنے کے احکامات کی توثیق کرتے ہوئے ادارے کی تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے تمام ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ دیا جائے گا اور وزارت خزانہ کی کمیٹی اس معاملے پر کام کاررہی ہے تاہم ملازمین کے احتجاج کے باعث معاملہ تاخیر کا شکار ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ ہی ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز 31 جولائی سے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع صنعت وپیداوار نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ جولائی کے اختتام پر یوٹیلٹی سٹورز کو بند کردیا جائے گا اورسٹورز کے تمام ملازمین کو رضاکارانہ اسیپریشن سکیم آفر کی جائے گی۔حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلے کے خلاف ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز ملازمین نے احتجاج بھی کیا لیکن ان کا مطالبہ منظور نہیں ہوا۔

صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے یوٹیلیٹی سٹورز کی اچانک بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1971 میں شہید بھٹو کے قائم کردہ یوٹیلٹی سٹور 55 برسوں سے غریبوں کو سبسڈی فراہم کرنے کیلئے قائم کئے گئے۔ ملک بھر میں 3 ہزار 800 اسٹورز سے ماہانہ 2 کروڑ افراد مستفید ہورہے تھے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ یہ سٹورز ان علاقوں میں بھی خدمات انجام دے رہے ہیں جہاں نجی شعبے کی رسائی نہیں، ادارے کی بندش اور 12 ہزار ملازمین کی برطرفی ہزاروں خاندانوں کے روزگار پر حملہ ہے۔ ملازمین دہائیوں سے ایمانداری سے کام کر رہے ہیں ان کی برطرفی افسوسناک ہے۔