الحمرا آرٹ میوزیم میں ماضی اور حال کے اہم آرٹسٹوں کی تخلیقات ایک چھت تلے جمع ہیں، چیئرمین بورڈ آف گورنرز لاہور آرٹس کونسل

جمعہ 1 اگست 2025 15:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) چیئرمین بورڈ آف گورنرز لاہور آرٹس کونسل الحمرا رضی احمد نے کہا ہے کہ الحمرا آرٹ میوزیم نہ صرف پاکستان کے فن کی تاریخ کی دستاویز ہے بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم بھی ہے جہاں ماضی اور حال کے اہم آرٹسٹوں کی تخلیقات ایک چھت تلے جمع ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں چغتائی،اللہ بخش،صادقین جیسے اساتذہ سے لے کر عہد حاضر کے لیجنڈ تک کی پینٹنگز اور مجسمے محفو ظ ہیں،ہر وزیٹر یہاں آکر پاکستان کے فن کے ارتقا کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

الحمرا ماڈرن آرٹ میوزیم میں منعقدہونے والی آرٹسٹ ٹاک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرٹسٹ ٹاک میں نامور آرٹسٹ لیلہ رحمان نے شرکت کی،پروفیسر نازش عطا اللہ نے نشست کو ماڈریٹ کیا اور کہا کہ فن ِ مصوری ہماری ثقافتی وراثت بھی ہے اور قومی ہم آہنگی کا پیغام بھی،الحمرا پاکستان کے آرٹسٹک منظرنامے کا خوبصورت ستارہ ہے۔لیلہ رحمان نے اپنے کام کے سفر،ابتدائی ایام،مشکلات،مہارتوں،انشپائریشن ودیگر امور بارے بتاتے ہوئے کہا کہ الحمرا ابھرتے ہوئے آرٹسٹوں کو سیکھنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے،پاکستان کا ثقافتی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔