یو ای ٹی لاہور کے سابق طلبا پر مشتمل ’’ایلومینائی انٹرپرینیورز چیپٹر‘‘قائم کردیا گیا

جمعہ 1 اگست 2025 19:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)یو ای ٹی لاہور میں ایلومینائی انٹرپرینیورز چیپٹر قائم کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر سمیت ملک بھر سے 40سے زائد ممتاز سی ای اوز اور صنعتکاروں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی کی تدریسی، تحقیقی اور انفراسٹرکچر کے شعبہ جات میں نمایاں کامیابیوں کا ذکر کیا۔

انہوں نے یونیورسٹی کی مالی خود کفالت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سابق طلبا کی حمایت کو یو ای ٹی کی ترقی میں ایک ’’بنیادی ستون‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے بین الاقوامی ایلومنیائی چیپٹرز کی آئندہ سرگرمیوں کا بھی حوالہ دیا اور مزید تعاون پر زور دیا۔ انچارج ایلومینائی انجینئر احمد نوید نے عالمی سطح پر ایلومینائی کی شمولیت، اسکالرشپ فنڈنگ، طلبا کی معاونت اور مختلف چیپٹرز کے ساتھ روابط پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

تقریب میں شرکا نے ڈاکٹر شاہد منیر کی قیادت کو سراہا اور یو ای ٹی لاہور میں جاری مثبت تبدیلیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایلومینائی آفس کی کارکردگی اور لگن کو بھی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ تقریب میں ملک کے نامور اور ممتاز انجینئرز پر مشتمل ایلومینائی انٹرپرینیورز چیپٹر کے عہدیداران کا انتخاب کیا گیا۔ انجینئر وسیم نذیر کا بطور صدر، انجینئر احمد بلال محبوب کو نائب صدر، انجینئر اظہر الاسلام کو جنرل سیکرٹری جبکہ انجینئر میاں سلطان محمود کو خزانچی اور انجینئر پرویز قریشی کو سوشل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ تقریب کے آخر میں شرکا کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :