آپ ایسے بات نہیں کرسکتے ، کے ایل راہول امپائر سے الجھ پڑے ، ویڈیو جاری

5ویں اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز جو روٹ اور فاسٹ بولر پرسدھ کرشنا کے درمیان بحث ہوئی جو بڑھ گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 2 اگست 2025 12:53

آپ ایسے بات نہیں کرسکتے ، کے ایل راہول امپائر سے الجھ پڑے ، ویڈیو جاری
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اگست 2025ء) انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھارت کے بیٹر کے ایل راہول امپائر کمار دھرماسینا سے الجھ پڑے۔
اوول میں پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز جو روٹ اور فاسٹ بولر پرسدھ کرشنا کے درمیان بحث ہوئی جو بڑھ گئی جس کے بعد کے ایل راہول، امپائر کمار دھرما سینا سے الجھ پڑے۔
یہ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب روٹ نے کرشنا کو باؤنڈری لگائی جس کے بعد بولر نے کچھ کہا تو میدان میں موجود امپائرز احسن رضا اور کمار دھرم سینا کو صورتحال کو کم کرنے کے لیے دونوں کھلاڑیوں سے بات کرنی پڑی۔

تصادم کے بعد کے ایل راہول اپنے ساتھی کے دفاع میں آئے اور معاملے کو سمجھنے کے لیے امپائر دھرماسینا سے رابطہ کیا تاہم راہول کا لہجہ اور تبصرے امپائر کے ساتھ ٹھیک نہیں تھے جس پر امپائر نے ان کی سرزنش کی۔

(جاری ہے)

راہول نے دھرماسینا سے سوال کیا کہ کیا ہندوستانی ٹیم سے صرف جذبات یا مسابقتی جذبے کا مظاہرہ کیے بغیر کھیلنے کی توقع کی جاتی تھی۔

تاہم دھرماسینا نے روٹ کا ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ کسی گیند باز کو بلے باز کے اتنے قریب نہیں جانا چاہیے اور اس طرح کی زبانی بات چیت میں مشغول نہیں ہونا چاہیے۔راہول کے کرشنا کی حمایت جاری رکھنے کے باوجود امپائر نے ان کے لہجے پر تنقید کرتے ہوئے گفتگو ختم کر دی اور انہیں متنبہ کیا کہ میچ کے بعد اس واقعے پر ''بات چیت’’کی جائے گی۔کمار دھرما سینا نے کہا کہ آپ پسند کریں گے کوئی بولر آپ کے قریب آئے اور کچھ کہے، نہیں، آپ ایسا نہیں کرسکتے، ہمیں اس راستے پر نہیں جانا چاہیے۔کے ایل راہول نے جواب میں کہا کہ ’آپ ہم سے کیا چاہتے ہیں، کیا صرف بیٹنگ اور بولنگ کرکے گھر چلے جائیں۔کمار دھرما سینا نے کہا کہ ہم میچ کے اختتام پر بات کریں گے، آپ ایسے بات نہیں کرسکتے۔