رحمن آباد میں ٹریفک پولیس سے متعلق خبر کے بعد راولپنڈی پولیس کے ترجمان کی وضاحت

ہفتہ 2 اگست 2025 14:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) رحمن آباد میں ٹریفک پولیس سے متعلق نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی خبر کے بعد راولپنڈی پولیس کے ترجمان نے وضاحت جاری کی ہے، جس کے مطابق رحمن آباد کے علاقے میں گاڑیوں کے غیر قانونی جمعہ بازار کے باعث ٹریفک کے شدید مسائل پیدا ہو رہے ہیں جن کے حل کے لیے ٹریفک پولیس مسلسل قانونی کارروائی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نہ صرف ان غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اقدامات کر رہی ہے بلکہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ گزشتہ روز بھی اس سلسلے میں آپریشن کے دوران ایک شہری نے گاڑی سے اتر کر ٹریفک اہلکاروں سے بدتمیزی کی، گالم گلوچ کے بعد ہاتھا پائی پر اتر آیا۔ ترجمان کے مطابق اس واقعہ کی مکمل انکوائری کی جا رہی ہے اور انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد جو بھی قصوروار ثابت ہوا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ راولپنڈی پولیس شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں تاکہ شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔