برازیل کا امریکی تجارتی پابندیوں کے خلاف جواب دینے کا عندیہ

ملک کے مستقبل اور بین الاقوامی تعلقات کے فیصلے صرف برازیلی عوام اور ادارے ہی کر سکتے ہیں،بیان

ہفتہ 2 اگست 2025 15:22

برازیلیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)برازیل نے امریکی تجارتی پابندیوں کے خلاف جواب دینے کا عندیہ دے دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق برازیل کے صدر لوئز اِناسیو لولا ڈا سلوا نے کہا کہ ان کی حکومت ہمیشہ امریکا سے بات کرنے کے لیے تیار رہی ہے، تاہم یکم اگست سے امریکی حکومت کی جانب سے برازیلی مصنوعات پر عائد کیے گئے 50 فیصد ٹیکسز کے خلاف مثر جواب دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں لکھا، ہم ہمیشہ مکالمے کے لیے تیار رہے ہیں۔اب ہم امریکی تجارتی اقدامات کے جواب میں مثر حکمتِ عملی تیار کر رہے ہیں۔برازیلی صدر نے واضح کیا کہ ملک کے مستقبل اور بین الاقوامی تعلقات کے فیصلے صرف برازیلی عوام اور ادارے ہی کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو خودمختار فیصلوں کا معاملہ قرار دیا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم اگست سے برازیلی مصنوعات پر 50 فیصد درآمدی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ان کے مطابق یہ اقدام تجارتی خسارے پر قابو پانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔صدر لولا نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے اپنے فیصلے پر نظرثانی نہ کی تو برازیل بھی جوابی محصولات عائد کرے گا۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ برازیلی وفد مذاکرات کے ذریعے ان ٹیکسز پر نظرِ ثانی کروانے میں کامیاب ہو جائے گا۔