سابق وفاقی وزیر کیخلاف موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ سیشن کورٹ منتقل

2008 سے پیپلز پارٹی سندھ میں ایک مافیا بن کر ابھری ہے،غلام مرتضیٰ جتوئی کی گفتگو

ہفتہ 2 اگست 2025 17:06

ڈوکری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)سابق وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی کے خلاف موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ ڈوکری کی عدالت کے بعد سیشن کورٹ بھیج دیا گیا۔سیشن جج نے مقدمے کی سماعت کے لیے ایڈیشنل سیشن جج کو نامزد کر دیا۔بعدازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سابق وفاقی وزیر مرتضی جتوئی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے سیاسی انتقام کے طور پر میرے خلاف 13 مضحکہ خیز مقدمات درج کروائے ہیں جن میں موٹر سائیکل چوری، پیٹرول پمپ سے 3 ہزار روپے کی ڈکیتی اور بکری چوری سمیت دیگر مقدمات شامل ہیں۔مرتضی جتوئی نے کہا ہے کہ 2008 سے پیپلز پارٹی سندھ میں ایک مافیا بن کر ابھری ہے۔