عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی مری کی جانب سے کارروائیاں جاری

ہفتہ 2 اگست 2025 17:32

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی مری کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی مری نے ایکسپریس وے پر ملاوٹی دودھ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 10 ہزار 700 لیٹر دودھ کی چیکنگ کی۔

(جاری ہے)

اس دوران 1200 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا جبکہ دو گاڑیوں پر مجموعی طور پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی مری کے حکام کے مطابق ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور کسی کو مضر صحت یا غیر معیاری خوراک فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ سیاحوں اور مقامی افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کسی بھی شکایت یا معلومات کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری رابطہ کریں۔ پنجاب حکومت کی اس مہم کا مقصد عوام کو صاف، صحت مند اور محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔