وائس چانسلر کا پنجاب یونیورسٹی کی دوبارہ ڈیزائن کی گئی ویب سائٹ کا افتتاح

ہفتہ 2 اگست 2025 21:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی کی دوبارہ ڈیزائن کی گئی ویب سائٹ کا افتتاح کردیا۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر آفس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود،رجسٹرارڈاکٹر احمد اسلام، ڈی جی آئی ٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد مرتضی یوسف، ڈی جی ایس ای ایس ڈاکٹر ریحان صادق شیخ، ڈائریکٹر آئی ٹی عمران قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر مجتبی علی اور ویب سیکشن کی ٹیم نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اعلی تعلیم میں لیڈر کا کردار ادا کرتے ہوئے جدت کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزائن کی گئی ویب سائٹ کا مقصد طلباطالبات، فیکلٹی ممبران، ملازمین ، ایلومنائی سمیت زیادہ سے زیادہ صارفین کیلئے قابل رسائی آن لائن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئی ٹی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

ڈی جی آئی ٹی ڈاکٹر مرتضی یوسف نے کہا کہ نئی جدید ڈیزائن کی گئی ویب سائٹ بین الاقوامی اور قومی ویب سائٹس کے مطابق تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا ڈیزائن بہتر نیویگیشن کے ساتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی ویب سائٹ میں تعلیمی شعبہ جات، تعلیمی پروگرامز، داخلوں، تحقیق، امتحانات، کیمپس کی زندگی سمیت کئی شعبوں کے بارے میں اپ ڈیٹ اور وسیع وسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی ویب سائٹ جدت کے حوالے سے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔