وانا، نئے بس سٹینڈ کا افتتاح، شہر میں ہنگامہ، پرانے سٹینڈ مالکان اور ڈرائیورز سراپا احتجاج، واناٹانک روڈ بند کردیا

ہفتہ 2 اگست 2025 22:01

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)جنوبی وزیرستان کے مرکزی تجارتی مرکز وانا کے روستم بازار میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مشترکہ وزیرستان بس سٹینڈ کا شاندار افتتاح کردیا گیا تاہم شہر میں کشیدگی کی لہر دوڑ گئی۔تقریب کا افتتاح معروف مذہبی و قبائلی شخصیت مولانا نیک محمد نے کیا جس میں معتبرین علاقہ، ملک محمد اسلم اشرف خیل اور دیگر قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر نئے سٹنڈ کے صدر حسین وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "یہ سٹنڈ جدید سہولیات سے آراستہ ہے، اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔تاہم دوسری جانب، وانا کے پرانے جنرل بس سٹنڈ کے مالکان اور ڈرائیورز نے نئے سٹنڈ کے قیام کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے وانا-ٹانک روڈ کو بند کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ پر سنگین الزامات عائد کیے اور خبردار کیا کہ "اگر اس فیصلے کے نتیجے میں کوئی تصادم یا جانی نقصان ہوا تو اس کی مکمل ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے کہا کہ پرانا جنرل بس سٹنڈ ایک سال قبل ٹی ایم او کی منظوری سے قائم کیا گیا تھا، جسے نظرانداز کر کے اب متنازعہ انداز میں نیا سٹنڈ کھولا گیا ہے، جو مقامی ٹرانسپورٹرز میں تفرقہ پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔شہر میں پیدا ہونے والی اس کشیدہ صورتحال نے شہریوں میں خوف کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ ٹریفک کی روانی معطل ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق، ضلعی انتظامیہ حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے مذاکرات پر غور کر رہی ہے۔