مسلسل تیسری بار سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی ہونے کا امکان، سماعت (آج) ہوگی

اتوار 3 اگست 2025 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)کیپسٹی چارجزمیں کمی کے نتیجے میں کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے مسلسل تیسری بار سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی ہونیکا امکان ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیپرا کی جانب سے بجلی تقسیم کارکمپنیوں کی گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 53 ارب 39 کروڑ 30 لاکھ روپے کا ریلیف دینیکے لییدرخواست پر (آج)پیر کو سماعت کی جائیگی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے آئی پی پیز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں کیپسٹی چارجز میں زبردست کمی کاریلیف ایک بار پھربجلی کی قیمت میں کمی کی صورت میں عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اپریل تاجون 2025 کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے نیپرا میں درخواست جمع کرا رکھی ہے۔

(جاری ہے)

بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے کیپیسٹی چارجزکی مد میں 53 ارب 71 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ ٹرانسمیشن اینڈڈسٹری بیوشن نقصانات میں 66 کروڑ 20 لاکھ روپے کی کمی مانگی ہے تاہم آپریشنز اینڈ میٹیننس کی مد میں صارفین سے 18 کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا یکساں ٹیرف رکھنے کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پربھی ہوگا۔

نیپرا درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائیگی اور وفاقی حکومت کی منظوری سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیاجائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی جنوری تا مارچ 2025 کی ایڈجسٹمنٹ میں کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی ایک روپے 55 پیسے فی یونٹ سستی کی تھی جس کا اطلاق مئی سے لیکر جولائی دو ہزار پچیس کے لیے کیا گیا تھا۔اس سے قبل گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی اکتوبر تا دسمبر 2024 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 90پیسے فی یونٹ سستی کی گئی تھی جس کاریلیف صارفین کو اپریل سے جون 2025 کے لیے دیاگیا تھا۔