ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کی گذشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری

اتوار 3 اگست 2025 18:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) ٹریفک پولیس ایبٹ آباد نے گذشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سینکڑوں گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو جرمانے اور بند کیا گیا۔ ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان کی ہدایت پر ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

اس حوالے سے گذشتہ ماہ مختلف مقامات پر جملہ سرکلز ٹریفک میں سرکل ڈی ایس پیز کی زیر نگرانی ناکہ بندیاں کیں گئیں جس دوران کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 867 گاڑیوں سے کالے پیپر اتار کر جرمانے کئے گئے۔ پریشر ہارن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 542 گاڑیوں سے پریشر ہارن اتار کر انہیں جرمانے کیے گئے۔

(جاری ہے)

کمسن اور بنا ہیلمنٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 923 موٹر سائیکل سواروں کو جرمانے کئے گئے۔

بنا رجسٹریشن اپلائیڈ فار موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 721 موٹر سائیکل پکڑ کر رجسٹریشن کے لیے محکمہ ایکسائز کے حوالے کئے گئے۔ جا بجا منی اڈے بنانے والوں اور غیر قانونی پارکنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 1273 گاڑیاں بند کیں گئیں۔ فلیش لائٹ اور پولیس لائٹ کے استعمال پر 56 گاڑیوں سے لائیٹس اتار کر جرمانے کئے گئے۔