عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا فوری نوٹس لے ، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

پیر 4 اگست 2025 22:49

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 5 اگست کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، اس روز بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے ان کا آئینی اور جمہوری حق چھین لیا تھا۔ یوم استحصال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا فوری نوٹس لے اور بھارتی قابض افواج کے مظالم کو رکوانے کے لیے موثر اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019ء کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں جو کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرتی ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام تنہا نہیں ہیں، پوری پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں یوم استحصال کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا تاکہ نئی نسل کو کشمیری عوام کی قربانیوں اور جدوجہد سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو یاد رکھنا کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا عملی اظہار ہے۔