پانچ اگست ہمیں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی یاد دلاتا ہے،،وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط و سیاسی امور کایوم استحصال کے موقع پر پیغام

منگل 5 اگست 2025 13:06

پانچ  اگست ہمیں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی یاد دلاتا ہے،،وزیر اعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط و سیاسی امور راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ5 اگست ہمیں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی یاد دلاتا ہے،ہم کشمیریوں کی لازوال قربانیوں اور دہائیوں سے جاری ان کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

منگل کو یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج سے پانچ سال قبل بھارت نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا تھا،بھارت کا یہ غاصبانہ عمل کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر ایک براہ راست حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک دن پر وہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی ہمت، ثابت قدمی اور انصاف کے لیے غیر متزلزل عزم ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے،عالمی برادری اس دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کروائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ انسانیت اور عالمی انصاف کا مسئلہ ہے۔